نئی دہلی15اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے پیر کو دہلی میں کم از کم اجرت میں50فیصد اضافہ کا اعلان کیا۔انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے اس ترقی کی شرح کو ملک بھر میں لاگو کرنے کا بھی زور دیا۔70ویں یوم آزادی کے موقع پر کھچا کھچ بھرے چھترسال اسٹیڈیم میں کیجریوال نے کہاکہ جن کی زندگی میں کم ہے، ان کے لئے قانون میں زیادہ ہونا چاہئے۔اس لئے ہم نے دہلی کی کم از کم اجرت میں تقریباََ 50فیصد اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگلے ہفتے کابینہ کے اجلاس کے بعد اس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیاجائے گا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ پیشرو حکومت کے کام کرنے کے طریقے سے امیر اور غریب کے درمیان خلیج پھیل جاتی ہو گئی۔امیر مزید امیر ہو گئے اور غریب مزید غریب۔تالیوں کی گڑگڑاہٹ کے درمیان عام آدمی پارٹی کے کنوینر نے کہاکہ اس طرح کی پالیسیوں کے ذریعے غریبوں کی حالت بہتر بنانے کی ذمہ داری اب ہماری حکومت کی ہے۔ایک بار نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد دہلی میں غیر ہنر مند مزدور کی کم از کم اجرت9568روپے سے بڑھ کر14000روپے، نیم ہنر مند مزدور کی 10600روپے سے بڑھ کر15400روپے اور موثر ورکرز کے11600 روپے سے بڑھ کر17000روپے ہو جائے گی۔کجریوال نے کہا کہ اس سے معیشت کو بھی فروغ ملے گا۔انہوں نے کہاکہ جتنی طاقتیں ہمارے ہاتھ میں ہیں اس کے استعمال سے ہم دہلی کو رہنے کیلئے ایک مثالی شہربنائیں گے۔گذشتہ پانچ اگست کودہلی کے وزیر قانون نے کہا تھا کہ یوم آزادی پر آپ کی حکومت کارکنوں کو ایک تحفہ دے گی۔